واشنگٹن: بوسٹن یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ایک نیا کوویڈ۔19 اسٹرین دریافت کیا ہے ، جس کا تجربہ چوہوں میں کیے جانے پر اموات کی شرح 80فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ نیویارک پوسٹ نے یونیورسٹی کے حوالے سے بتایا کہ 80فیصد چوہوں کی موت اس وقت ہوئی جب چوہوں کو ووہان میں تیار ہونے والے اصل وائرس اور اومی کرون کے امتزاج سے تیار کردہ اس اسٹرین سے متاثر کیا گیا۔ جب چوہوں کو صرف اومی کرون کی زد میں لایا گیا تو صرف ہلکی علامات دیکھی گئیں۔فلوریڈا اور بوسٹن کے سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے اومی کرون سے اسپائک پروٹین نکالا اور اسے چین کے ووہان میں سب سے پہلے پائے جانے والے اسٹرین کے ساتھ ملایا۔ اس ہائبرڈ اسٹرین کا ردعمل چوہوں میں دیکھا گیا۔ انہوں نے ایک تحقیقی مقالے میں کہا کہ نئے اسٹرین میں اومی کرون کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ متعدی وائرس کے اجزاء ہیں۔