معاشی پریشانیوں پر غیر فطری عمل ، فائدہ نہ ہونے پر انتہائی اقدام
حیدرآباد ۔ /4 اکٹوبر (سیاست نیوز) ایس آر نگر پولیس نے سائنٹسٹ کے قتل کیس میں ملوث خاطی کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور اس کے قبضے سے قتل میں استعمال کئے گئے ہتھیار ضبط کرلئے ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکم اکٹوبر کو اناپورنا اپارٹمنٹ دھرم کرم روڈ امیرپیٹ پر 56 سالہ ایس سریش کمار جو نیشنل ریموٹ سینسنگ سنٹر (این ایس آر سی) سائنٹسٹ کی نعش اس کے فلیٹس سے دستیاب ہوئی تھی ۔ پولیس ایس آر نگر نے موقعہ واردات کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں سے اہم شواہد اکٹھا کئے ۔ انہوں نے کہا کہ قتل کا معمہ حل کرنے کیلئے ایس آر نگر پولیس کے کرائم اسٹاف نے اندرون 48 گھنٹے خاطی کی نشاندہی کرلی اور اسے گرفتار کرلیا ۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ سریش کمار کی بیوی اندرا سریش کمار چینائی میں مقیم تھی اور سائنٹسٹ اپنے فلیٹ پر تنہا رہتا تھا ۔ مقتول اکثر وجیا ڈائیگناسٹک سنٹر میں خون کا معائنہ کروایا کرتا تھا ۔ اس کے لئے ایک لیاپ ٹیکنیشین جے سرینواس اکثر اس کے مکان آیا کرتا تھا ۔ تنہائی اور معاشی تنگی کے نتیجہ میں لیاپ ٹیکنیشین نے سریش کمار سے قربت حاصل کی اور غیر فطری عمل میں ملوث ہونے لگا ۔ سرینواس کو یقین تھا کہ سریش کمار سے تعلقات رکھنے پر اسے مالی فائدہ ہوگا ۔ لیکن سریش کمار سے لیاب ٹیکنیشین کو کچھ حاصل نہ ہوا جس کے نتیجہ میں اس نے سریش کمار سے جھگڑا شروع کردیا تھا ۔ خون کے نمونے حاصل کرنے کے بہانے اکثر مکان کو آنے والے لیاب ٹیکنیشین سرینواس نے سریش کمار کا قتل کرنے کا منصوبہ تیار کیا اور یکم اکٹوبر کو اس کے فلیٹ واقع اناپورنا اپارٹمنٹ پہونچ کر چاقو سے سرپر وار کرنے کے بعد فرار ہوگیا تھا ۔