سائنسداں ‘ملک کو خود مکتفی بنائیں : گورنر

   

Ferty9 Clinic

تحقیقی اغراض کیلئے فنڈس کی منظوری، ڈاکٹر سوندرا راجن کا خطاب
حیدرآباد: 5 اگست (سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی ہندوستان کو خودمکتفی بنانے کے مقصد کی تکمیل میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے ملک کے سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ ہندوستان کو کسی کی مدد پر انحصار کی بجائے خود مکتفی بنانے کام کریں۔ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کیمیکل ٹیکنالوجی کے 78 ویں فائونڈیشن ڈے تقاریب سے گورنر خطاب کررہی تھیں۔ گورنر نے پوڈوچیری سے ورچول خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق اور اختراع ملک کی ترقی میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں اور یہ ترقی مستحکم اور دیرپا ثابت ہوسکتی ہے۔ گورنر نے سائنسدانوں سے کہا کہ وہ ہندوستان کیلئے پیٹنٹ اپلکیشنس اور ٹریڈ مارک فلننگ میں اضافہ کریں۔ معلومات اور قابلیت کی بنیاد پر مبنی ملک کی تیاری کے لیے ہندوستان کو نالج سوپر پاور کے طور پر ابھرنا ہوگا۔ انہوں نے مختلف شعبہ جات میں رسرچ کی حوصلہ افزائی کا مشورہ دیا۔ گورنر نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی کے تحت مرکز نے نیشنل ریسرچ فنڈ کیلئے 50 ہزار کروڑ مختص کئے ہیں تاکہ ملک میں تحقیقی کاموں میں اضافہ ہو۔ گورنر نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کیمیکل ٹیکنالوجی اور سی ایس آئی آر کی جانب سے مختلف ویکسین اور ادویات کی تیاری کی ستائش کی اور کہا کہ کورونا وباء کے دوران دونوں اداروں میں ویکسین اور ادویات شعبوں میں نمایاں رول ادا کیا ہے۔ اس موقع پر سی ایس آئی آر ڈائرکٹر ڈاکٹر ایس چندر شیکھر، ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر شیکھر منڈے، سپلا فائونڈیشن کی منیجنگ ٹرسٹی مس رومانہ حمید، چیف سائنٹسٹ ڈاکٹر این وی ستیہ نارائنا، پرنسپل سائنٹسٹ ڈاکٹر ایم چندرا شیکھرم و دیگر نے خطاب کیا۔