نارائن پیٹ میں سائنس فیر، رکن اسمبلی چٹم پرنیکا ریڈی کی مخاطبت
نارائن پیٹ۔ 23 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ٹاؤن میں واقع یونیورسل اسکول میں سائنس فیر کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ جسکا افتتاح رکن اسمبلی نارائن پیٹ ڈاکٹر چٹم پرنیکا ریڈی’ ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ آفیسر میگا گاندھی’ مولانا سید جنید قادری گلبرگہ نے کیا۔ اس موقع پر ارکان بلدیہ نارائن پیٹ محمد تقی چاند، سرینواس، محمد تقی چاند پیر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اسکول کرسپانڈنٹ محمد ظہیر چاند پیر اسکول پرنسپل محمد اسحاق علی و اسکول مینجمنٹ محمد غوث چاند، منہاج چاند نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے تہنیت پیش کی۔ بعد ازاں رکن اسمبلی نارائن پیٹ ڈاکٹر چٹم پرنیکا ریڈی نے سائینس فیر کا تفصیلی معائنہ کیا اور طلباء و طالبات کے بہترین مظاہرہ کرنے پر نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے ایگزبیشن میں حصہ لینے والے طلباء وطالبات کو مبارکباد دی اور ریاستی و قومی سطح کے سائنس فیئر اور انسپائر ایوارڈس مقابلوں میں کامیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہاکہ دنیا سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے میدان میں تیزی کے ساتھ ترقی کررہی ہے اور اس سائنسی دور میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں ترقی کرنے پر ہی سماج ترقی کرے گا۔ انھوں نے مزید کہاکہ طلباء کی تخلیقی و تحقیقی صلاحیتوں کو فروغ دیا جائے تو وہ غیرمعمولی کارنامے انجام دیں گے۔ اس موقع پر ٹاؤن کے مختلف اسکول و کالج کے ذمہ داران و طلباء نے اس پروگرام میں شرکت کی اور کارکردگی کی سراہنا کرتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا۔اس موقع پر اسکول استاتذہ محمد حسین، راجیش کے علاوہ کانگریس پارٹی سے وابستہ قائدین محمد محمود قریشی صدر اقلیتی سیل کانگریس پارٹی، ڈاکٹر یوسف تاج، اکہیل، عبدالرحمن چاند، محمد معین الدین ودیگر نے شرکت کی ۔