لندن ۔24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)کورونا وائرس سے دنیا بھر میں کئی جگہ شادیاں تک ملتوی کی جارہی ہیں حالانکہ اس معاملہ میں انگلینڈ کو ٹی20 ورلڈ کپ جتانے میں اہم کردار ادا کرنے والے فاسٹ بولر ریان سائڈ باٹم کافی خوش قسمت رہے ، جنہوں نے ایک جگہ زیادہ تعداد میں جمع نہ ہونے کی حکومت ہدایت سے کچھ دن پہلے ہی اپنی گرل فرینڈ سے شادی کرلی۔انگلینڈ کیلئے 22 ٹسٹ ، 25 ونڈے اور 18 ٹی 20 میچ کھیلنے والے ریان نے حال ہی میں دوسری شادی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ میری شادی میں کوئی رکاوٹ نہیں آئی ، ہم دونوں کیلئے یہ یادگار دن تھا ، مجھے ان لوگوں کیلئے برا لگ رہا ہے جنہیں کورونا وائرس کی وجہ سے اپنی شادی ملتوی کرنی پڑی۔ اتنا ہی نہیں سائڈباٹم نے کورونا وائرس کو روکنے کیلئے ملک میں سماجی اجتماع پر پابندی عائد کرنے کے حکومت کے قدم کا خیر مقدم کیا ہے۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر لیام پلنکیٹ بھی سائڈباٹم کی شادی میں شریک ہوئے۔ سائڈباٹم نے اپنی گرل فرینڈ میڈی کوسٹگن سے شادی کی ہے۔ میڈی نے کہا کہ ان کی شادی کی جگہ فلم ریلس ان ونڈرلینڈ سے متاثر تھی۔ ہم نے کافی مستی کی اور سبھی کیلئے یہ یادگار لمحہ بن گیا۔ سائڈباٹم نے انگلینڈ کیلئے تینوں فارمیٹ میں جملہ 131 وکٹ لئے ہیں۔ ٹسٹ کرکٹ میں ان کے نام نیوزی لینڈ کے خلاف ہیٹ ٹرک بھی درج ہے۔ انہوں نے سال 2017 میں بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کی ہے ۔