احمد آباد 14 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی نے آج کہا کہ سائیکلون وایو ریاست کیلئے اب کوئی خطرہ نہیں رہ گیا ہے کیونکہ وہ ریاست سے مغرب کی جانب پیشرفت کرچکا ہے ۔ گاندھی نگر میں ریاست کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس کے بعد چیف منسٹر نے حکام سے کہا کہ جن 2.75 لاکھ افراد کو تخلیہ کرواتے ہوئے محفوظ مقامات کو منتقل کیا گیا تھا انہیں اب اپنے گھروں کو واپس ہونے کی اجازت دی جاسکتی ہے ۔ وجئے روپانی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گجرات اب پوری طرح محفوظ ہے ۔ سائیکلون وایو سے ریاست کو کوئی خطرہ نہیں رہ گیا ہے کیونکہ یہ طوفان اب بحیرہ عرب میں جنوب کی سمت پیشرفت کرچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن 2.75 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات کو منتقل کیا گیا تھا اب وہ اپنے گھروں کو واپس ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جو لوگ اپنے گھروں سے تخلیہ کرکے دوسرے مقامات کو منتقل کئے گئے تھے انہیں ریاستی حکومت کی جانب سے آئندہ تین دن تک یومیہ الاونس دیا جائیگا جو جملہ 5.5 کروڑ روپئے تک کا ہوگا ۔
