ممبئی۔12 جون (سیاست ڈاٹ کام) محکمہ موسمیات کے مطابق چہارشنبہ کو مہاراشٹرا اور گجرات کے ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں دیکھی گئیں اور سائیکلون وایو مزید شدت اختیار کرکے گجرات کی جانب پیشقدمی کررہا ہے۔ سوراشٹرا اور کچ علاقوں میں اس کی پیشقدمی کو دیکھتے ہوئے آئی ایم ڈی نے اس کو مزید شدید قرار دیا ہے محکمہ کے مطابق اس کی شدت کو دیکھتے ہوئے جمعرات کی صبح تک طوفانی ہوائیں جس کی رفتار 145-170 کیلو میٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہیں چلیں گی۔ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (NDRF) انڈین ایرفورس کے تعاون سے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقلی کے انتظامات کررہے ہیں۔ سائیکلون کے پیش نظر بحیرہ عربہ میں تیزوتند لہریں اٹھتی ہوئی دیکھیں گئیں اور ساحلی علاقوں میں اس کی وسعت کا امکان ہے۔ وزیر داخلہ امیت شاہ نے منگل کو حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ عوامی تحفظ پر مکمل توجہ دیں۔ اس کے علاوہ انڈین کوسٹ گارڈز، بحریہ، ایرفورس کو چوکنا کردیا گیا ہے۔
