احمدآباد۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) حکام کے مطابق گجرات انتظامیہ نے طوفان ’وایو‘ جو جمعرات تک ساحل گجرات کے ونراول مقام پر ٹکرانے کی توقع ہے ، ساری مشنری کو چوکس کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ وجئے روپانی نے کہا کہ ساحلی علاقوں کے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وایو ویراول ساحل سے تقریباً 650 کیلومیٹر دور دیکھا گیا اور وہ 12 گھنٹے کے اندر مزید شدت اختیار کرسکتا ہے اور 13 جون کو ساحل ویراول کو ٹکرائے گا۔
شرد کمار نئے عبوری سنٹرل ویجیلنس
کمشنر مقرر
نئی دہلی۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) سنٹرل ویجیلنس کمشنر (CVC) کے نئے تقرر تک وزیراعظم نریندر مودی نے شرد کمار کو عبوری سی وی سی نامزد کیا ہے۔ اتوار کو سی وی سی کے وی چودھری اور پیر کو وی سی ٹی این بھاسن اپنی اپنی میعاد مکمل کرچکے ہیں۔ نئے تقرر تک شرد کمار بحیثیت سی وی سی اپنی ذمہ داری سنبھال لیں گے۔ پرسونل منسٹری کی جانب سے جاری کئے گئے آرڈر میں یہ بات کہی گئی۔ شرد کمار قبل ازیں این آئی اے میں مخالف دہشت گردی سیل کے سربراہ رہے ہیں۔ ان کی میعاد بحیثیت سی وی سی آئندہ سال اکتوبر کو ختم ہوجائے گی جس وقت وہ 65 سال کی عمر کو پہنچیں گے۔
