سائیکل ریس ٹوری ڈی بھی ملتوی ہونے کا خدشہ

   

پیرس ۔15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)کوروناوائرس کے باعث دنیا کی سب سے بڑی سائیکل ریس ٹوری ڈی فرانس بھی ملتوی ہونے کا امکان ہے۔فرانس میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث جولائی کے وسط تک عوامی ہجوم پر پابندیاں برقرار رہے گی۔دنیا میں کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظرکھیلوں کی تمام سرگرمیاں معطل ہیں۔ اولمپکس اور ومبلڈن سمیت کئی ایونٹس کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ رواں برس سائیکلینگ کی سب سے بڑی ریس ٹوری ڈی فرانس جون میں کھیلی جانی ہے لیکن فرانس میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے باعث فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے فرانس میں لاک ڈاون اور عوامی ہجوم پر پابندیوں میں جولائی کے وسط تک اضافہ کردیا ہے۔ ایسی صورت میں ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا ہونا ممکن دکھائی نہیں دے رہا۔

ہنری کا کاؤنٹی کھیلنے سے انکار
لندن ۔15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)کورونا وائرس کے کھیلوں پر اثرات بڑھنے لگے، نیوزی لینڈکے فاسٹ بولر میٹ ہنری بھی انگلینڈ میں کاونٹی سیزن نہیں کھیلیں گے۔ ترجمان کینٹ کاونٹی کے مطابق کیوی فاسٹ بولر میٹ ہنری کو کینٹ کی جانب سے ابتدائی 7 میچ کھیلنا تھے، تاہم وہ اس سیزن کے لیے کینٹ کی نمائندگی نہیں کریں گے۔واضح رہے کہ انگلینڈ میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے سبب وہاں 28 مئی تک کرکٹ کی تمام سرگرمیاں معطل ہیں۔ میٹ ہنری چوتھے بیرونی کھلاڑی ہیں جن کا اس سیزن میں معاہدہ ختم ہوا ہے۔