سائی پلوی اور جنید خان کی فلم ایک دن کا ٹریلر جاری

   

ممبئی، 11 مارچ (آئی اے این ایس) جنوبی ہند کی اداکارہ سائی پلوی اور اداکار جنید خان کی نئی فلم ایک دن کا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں ایک ایسی رومانوی کہانی دکھائی گئی ہے جو ایک خواہش، ایک خوابوں بھرے دن اور ممکنہ دل ٹوٹنے کے گرد گھومتی ہے۔ ٹریلر میں جنید خان ایک جادوئی خوش قسمتی کی گھنٹی کے بارے میں بتاتے ہوئے نظر آتے ہیں، جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اگر اسے بجایا جائے تو سچی محبت کی ایک خواہش پوری ہو سکتی ہے۔ اسی دوران وہ سائی پلوی کے کردار میراکو دیکھتے ہوئے خاموشی سے یہ خواہش کرتے ہیں کہ کاش وہ ان کی ہو جائے۔ وہ کہتے ہیں کہ اگر یہ خواہش صرف ایک دن کے لیے بھی پوری ہو جائے تو بھی انہیں قبول ہے۔ ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم ایک گرم جوش اور جذبات سے بھرپور محبت کی کہانی پیش کرے گی۔ جنید خان ایک معصوم اور قدرے جھجکنے والے نوجوان کے کردار میں دکھائی دیتے ہیں جبکہ سائی پلوی کا کردار پراعتماد اور مضبوط شخصیت کا حامل نظرآتا ہے۔ دونوں کے کرداروں کے درمیان یہی تضاد ان کی کیمسٹری کو دلچسپ اور حقیقت سے قریب بناتا ہے۔ٹریلر میں پس منظرکی آواز معروف گلوکار ارجیت سنگھ کی ہے، جنہوں نے حال ہی میں پلے بیک گلوکاری سے کنارہ کشیکا اعلان کیا ہے۔ فلم کی کہانی ایک نرم اور جادوئی انداز کی کلاسیکی محبت کی داستان پیش کرنے کا وعدہ کرتی ہے، جو موجودہ دور کی بالی ووڈ فلموں میں نسبتاً کم دیکھنے کو ملتی ہے۔ اس میں پرانے زمانے کی رومانوی فلموں جیسی دلکشی اور جذباتی سچائی محسوس ہوتی ہے۔یہ فلم اداکار عامر خان اور ہدایت کار منصور خان کے طویل وقفے کے بعد دوبارہ ایک ساتھ کام کرنے کا موقع بھی فراہم کرتی ہے۔ دونوں اس سے قبل قیامت سے قیامت تک، جو جیتا وہی سکندر، اکیلے ہم اکیلے تم اور جانے تو یا جانے نہ جیسی مقبول فلموں میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔فلم عامر خان پروڈکشنز کے بینر تلے بنائی گئی ہے۔ اس کی ہدایت کاری سنیل پانڈے نے کی ہے جبکہ اسے عامر خان، منصور خان اور اپرنا پوروہت نے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم ایک دن یکم مئی 2026 کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔