سابقہ حکومتوں نے امین پور کو نظر انداز کردیا تھا

   

سڑک کی توسیع اور ترقیاتی پروگراموں سے ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔/3نومبر، ( سیاست نیوز)ریاستی وزیر فینانس مسٹر ٹی ہریش راؤ نے آج ضلع سنگاریڈی کے امین پور منڈل کے بیرم گوڑہ تا کشٹا ریڈی پیٹ تک 49 کروڑ روپیوں کے مصارف سے تعمیر کی جانے والی چارلائین سڑک ( شاہراہ ) کے تعمیری کاموں کیلئے سنگ بنیاد رکھا۔ علاوہ ازیں پٹن چیرو حلقہ اسمبلی کے حدود میں متعدد ترقیاتی کاموں کا وزیر فینانس مسٹر ٹی ہریش راؤ نے افتتاح کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بیرم گوڑہ گٹہ پر 69 کروڑ روپیوں کے مصارف سے حیدرآباد میٹر و واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ ( ایچ ایم ڈبلیو ایس ایس بی ) کی جانب سے تعمیر کردہ 30 لاکھ لیٹر پانی کی گنجائش والے ریزروائیر کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر رکن پارلیمان مسٹر کے پربھاکر ریڈی، رکن اسمبلی مسٹر مہی پال ریڈی کے علاوہ کئی ایک تلنگانہ راشٹراسمیتی کے قائدین اور متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار بھی شریک تھے۔ بعد ازاں منعقدہ افتتاحی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر فینانس مسٹر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم اور ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد بالخصوص مسٹر کے چندر شیکھر راو چیف منسٹر عہدہ پر فائز ہونے کے نتیجہ میں ہی امین پور کو پینے کا پانی سربراہ ہورہا ہے۔ اس طرح امین پور کی بڑی بہن ، چھوٹی بہن ( اکا چلیلو ) کیلئے آج حقیقی تہوار ( عید ) ہے کیونکہ سابقہ حکومتوں نے اس علاقہ کی ترقی و عوامی فلاح و بہبود کو بالکلیہ طور پر نظرانداز کردیا تھا۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ کئی ایک ترقیاتی اسکیمات و پروگراموں کے ذریعہ ملک کیلئے ریاست تلنگانہ مثالی ثابت ہورہی ہے۔ علاوہ ازیں پٹن چیرو حلقہ اسمبلی میں آئندہ 20 سال تک پانی کا کوئی بھی مسئلہ پیدا نہ ہونے کے اقدامات کے ذریعہ انتظام کیا گیا ہے۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے اپنی تقریر میں کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی زیر قیادت حکومت نے اس حلقہ اسمبلی میں غریبوں کیلئے پٹہ جات بھی فراہم کئے۔ وزیر فینانس نے کہا کہ تلنگانہ ریاستی حکومت میں نہ صرف حلقہ اسمبلی پٹن چیرو بلکہ ضلع سنگاریڈی کی تیز رفتار ہمہ جہتی ترقی عمل میں آئے گی۔