حیدرآباد 3 نومبر (سیاست نیوز) فلمی دنیا کی خیالی زندگی کو حقیقت میں انجام دینے والی ایک خاتون نے اپنے عاشق کے ساتھ گرفتار کرلی گئی۔ تلگو ٹی وی سیریلس میں کام کرنے والی خاتون کو پولیس نے سابقہ عاشق کو قتل کرنے کی سازش کے تحت موجودہ عاشق کے ساتھ گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دو دن قبل عمارت کی بلندی سے گرکر شدید زخمی ہونے والے ستیہ نارائنا کے بیان اور تحقیقات کے بعد پولیس نے ستیہ نارائنا کی سابقہ معشوقہ ناگا وردھنی اور اس کے موجودہ عاشق سرینواس ریڈی کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق ناگا وردھنی اور ستیہ نارائنا کے درمیان گزشتہ چند برسوں سے بغیر شادی کے ازدواجی تعلقات پائے جاتے تھے اور چند ماہ قبل دونوں میں غلط فہمیاں پیدا ہوگئیں اور دونوں ایک دوسرے سے الگ رہنے لگے۔ اسی دوران ناگا وردھنی سرینواس ریڈی کے قریب ہوگئی اور اس کے ساتھ لیونگ ریلیشن میں تھی چونکہ سابقہ عاشق اور معشوقہ ایک ہی اپارٹمنٹ میں رہتے تھے، ستیہ نارائنا کو ناگا وردھنی کے کسی اور سے تعلقات کا پتہ چل گیا۔ یہ دونوں تلگو ٹی وی سیریلس میں ایک ساتھ کام کرتے تھے۔ معشوقہ کے کسی اور کے ساتھ تعلقات پر ستیہ نارائنا برہم ہوگیا اور گزشتہ روز ناگا وردھنی کے فلیٹ میں داخل ہوگیا اور ان کے درمیان بحث و تکرار ہوئی اور ستیہ نارائنا نے سرینواس ریڈی پر زور دیا کہ وہ ناگا وردھنی سے دوری اختیار کرے، بحث و تکرار کے درمیان ناگا وردھنی نے اپنے موجودہ عاشق کے ہمراہ سابقہ عاشق کو عمارت کی بلندی سے ڈھکیل دیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا اور دونوں کو گرفتار کرلیا۔ ع