سابق آئی اے ایس آفیسر کو جیل بھیج دیا گیا

   

جئے پور ۔ 27 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان کیڈر کے ایک سابق آئی اے ایس آفیسر جنھوں نے بی ایس پی ٹکٹ پر 2019 ء کا جنرل الیکشن بھی لڑا ، اُنھیں کروڑہا روپئے کی قدر والے لینڈ فراڈ کے 2013 ء کے کیس میں اُن کے مبینہ رول پر اینٹی کرپشن کورٹ نے عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا ہے ۔ اے سی بی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس آلوک ترپاٹھی نے کہا کہ ایڈیشنل چیف سکریٹری رتبہ کے سابق افسر امراؤ سلوڈیا کو گزشتہ روز تحویل میں لے لیا گیا جب وہ اور دیگر شریک ملزمین جاری کردہ سمن پر خصوصی عدالت میں حاضر ہوئے تھے ۔ ترپاٹھی نے کہاکہ سلوڈیا اور پانچ دیگر پبلک سروینٹس کیخلاف 2013 ء میں ایک سابق ڈسٹرکٹ جج نانک رام شرما اور دیگر کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ شکایت کنندگان نے الزام عائد کیا تھا کہ سلوڈیا و دیگر مجرمانہ سازش کے ذریعہ اُن سے 17 بیگھا زمین ہتھیا چکے ہیں ۔