پرچہ نامزدگی ادخال کے موقع پر پون کلیان غیر حاضر
حیدرآباد: بی جے پی نے سابق آئی اے ایس عہدیدار کے رتنا پربھا کو تروپتی لوک سبھا حلقہ کے ضمنی انتخاب میں امیدوار بنایا ہے۔ وائی ایس راج شیکھر ریڈی دور حکومت میں سی بی آئی مقدمات کا سامنا کرنے والی آئی اے ایس عہدیدار رتنا پربھا کو امیدوار بنائے جانے سے پارٹی میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر بی جے پی کی حلیف جن سینا کے قائدین غیر حاضر رہے۔ اس کے علاوہ بی جے پی کے کئی سینئر قائدین نے اپنے آپ کو دور رکھا۔ بتایا جاتا ہے کہ مقدمات کا سامنا کرنے والی عہدیدار کو امیدوار بنائے جانے سے سیاسی حلقوں میں مختلف چہ میگوئیاں کی جارہی ہیں۔ جن سینا قائدین کا کہنا ہے کہ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بارے میں بی جے پی نے اطلاع نہیں دی۔ بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ جی وی ایل نرسمہا راؤ اور سی ایم رمیش رتنا پربھا کے ساتھ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر موجود تھے۔ بی جے پی چاہتی ہے کہ پون کلیان تروپتی میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں۔ بی جے پی کے ریاستی صدر ایس ویرا راجو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور پون کلیان کے درمیان بہتر روابط ہیں اور انہیں امید ہے کہ پون کلیان ضرور انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔