گاندھی ہاسپٹل میں علاج کے بعد ڈسچارج
حیدرآباد۔/10 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سابق آئی پی ایس عہدیدار اور بی ایس پی کے ریاستی کوآرڈینیٹر آر ایس پروین کمار کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ پروین کمار نے اپنے ٹوئٹر پر اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو دن سے ناسازی مزاج کے سبب کورونا ٹسٹ کرایا گیا جو پازیٹیو رہا۔ گاندھی ہاسپٹل میں علاج کے بعد ڈسچارج ہوچکا ہوں۔ میرے ساتھ رہنے والے افراد کو آئسولیشن میں جانے کا مشورہ دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی معمولی علامات پائی گئیں لہذا عوام کو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ واضح رہے کہ پروین کمار نے عہدہ سے استعفی دے کر سماجی انصاف کیلئے بی ایس پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہوں نے گذشتہ دنوں کئی عام جلسوں سے خطاب کیا۔ اتوار کو نلگنڈہ میں بڑے جلسہ عام سے پروین کمار نے خطاب کیا تھا۔ اس جلسہ میں بی ایس پی کے قومی کوآرڈینیٹر راجیو گوتم نے شرکت کی جن کی موجودگی میں پروین کمار نے بی ایس پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ جلسہ میں عوام کی کثیر تعداد شریک تھی اور بتایا جاتا ہے کہ جلسہ عام میں پروین کمار کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔ واضح رہے کہ ریاست میں اقامتی اسکولوں کی بہتر کارکردگی میں ان کا غیر معمولی رول رہا۔ حکومت نے اسکولوں کیلئے ان کی خدمات حاصل کرتے ہوئے طویل عرصہ تک سکریٹری ایس سی اقامتی اسکول سوسائٹی کے عہدہ پر برقرار رکھا تھا۔