جگن جیسا چیف منسٹر نہیں دیکھا، چندرابابو نائیڈو کا بیان
حیدرآباد17ستمبر(سیاست نیوز) آندھراپردیش کے سابق اسپیکر کوڈیلہ سیواپرساد راو کی موت کو قتل سے تعبیر کرتے ہوئے سابق وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے اس واقعہ کا نتیجہ بننے والے واقعات کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا۔کوڈیلہ نے گزشتہ روز پھانسی لگا کرخودکشی کرلی تھی۔انہوں نے راو کی موت کے لئے جگن موہن ریڈی زیرقیادت حکومت کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے کیرئیر کے دوران 11وزرائے اعلی دیکھے اور وہ بھی کئی برس تک وزیراعلی رہے تاہم انہوں نے جگن جیساچیف منسٹر نہیں دیکھا۔یہ خودکشی نہیں بلکہ حکومت کی جانب سے کیاگیا قتل ہے ۔اس سارے معاملہ کی سی بی آئی جانچ کی ضرورت ہے ۔ملک کے دانشوروں کو چاہئے کہ حکومت کے رویہ کے خلاف مباحث کریں۔اسمبلی کا فرنیچرمبینہ طورپر اپنے قبضہ میں رکھنے پر 72سالہ رہنما پر گزشتہ ماہ اے پی پولیس نے فوجداری معاملہ درج کیا تھا۔اے پی کی حکمران جماعت وائی ایس آرکانگریس نے کوڈیلہ کو چور قرار دیا تھا جنہوں نے قانونی ادارہ کے سامان کی چوری کی۔ اے پی حکومت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ آنجہانی قائد کے ارکان خاندان کے خلاف 19بے بنیاد معاملات بشمول جبری وصولی اور اعتماد شکنی کے معاملات درج کئے گئے ،سپریم کورٹ کے رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی کی گئی۔