ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پوتن نے سابق امریکی سکیورٹی کنٹریکٹر ایڈورڈ اسنوڈن کو روس کی شہریت دے دی۔تفصیلات کے مطابق روسی رہنماؤں کی طرف سے دسخط کیے گئے معاہدے کے مطابق سابق امریکی سکیورٹی کنٹریکٹر ایڈورڈ اسنوڈن کو روسی شہریت دی گئی ہے۔سرکاری ویب سائٹ پر شائع کیے گئے فرمان کے تحت ایڈورڈ اسنوڈن ان 75 غیر ملکیوں میں شامل ہیں جن کو روس کی شہریت سے نوازا گیا ہے۔39 سالہ ایڈورڈ اسنوڈن امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے سابق کنٹریکٹر ہیں جو امریکہ میں سرکاری نگرانی کے پروگراموں کی تفصیلات سے متعلق خفیہ دستاویزات لیک کرنے کے بعد امریکہ کو مطلوب ہیں اور وہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے 2013 سے روس میں مقیم ہیں۔لیک ہونے والی دستاویزات میں نیشنل سکیورٹی ایجنسی کی طرف سے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر کی گئی کارروائیوں کا اعتراف کیا گیا تھا جس میں القاعدہ کے خلاف کارروائی کا ذکر بھی کیا گیا تھا۔قبل ازیں ایڈورڈ اسنوڈن کو روس میں 2020 میں مستقل رہائش فراہم کی گئی تھی اور اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ وہ امریکہ کی شہریت ترک کرنے کے بغیر روسی شہریت کے لیے درخواست دینے کا سوچ رہے ہیں۔