سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ویب سائٹ لانچ

   

واشنگٹن : سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور سابق خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے پیر کو امریکہ کے 45 ویں صدر (ٹرمپ) کی آفیشیل ویب سائٹ لانچ کرنے کا اعلان کیا۔ دی ہل کی رپورٹ کے مطابق ویب سائٹ لانچ کرنے کا سب سے اہم مقصد ٹرمپ کے حامیوں کے لئے مختلف تقریبات اور ایونٹس میں شرکت کرنے کی درخواست کرنا، مختلف مکتوبات کا ادخال اور شخصی طور پر کسی بھی مبارک موقع کی مبارکباد دینا شامل ہے۔ دریں اثناء ٹرمپ کے دفتر سے جاری ایک مختصر سے بیان میں کہا گیا ہیکہ امریکی عوام کے زبردست جذبہ محبت اور تعاون سے سابق صدر اور خاتون اول کو زبردست تقویت حاصل ہوئی ہے اور اس ویب سائیٹ کی لانچنگ کے ذریعہ وہ عوام سے اسی طرح ربط میں رہنے کے خواہاں ہیں۔ مذکورہ ویب سائیٹ کا نام 45office.com ہے جس میں ایک پورا پیج ٹرمپ کے وائیٹ ہاؤس میں گزارے ہوئے ایام کا تفصیلی تذکرہ ہے جبکہ ایک دیگر پیج مکمل وطر پر ٹرمپ کے ان حامیوں کیلئے مختص ہے جہاں وقتاً فوقتاً اپنے تبصرے پوسٹ کرتے رہیں گے۔