سابق انکاؤنٹر اسپیشلسٹ شیوسینا کے امیدوار

   

پالگھر 18 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا کے صدر ادھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی ضلع پال گھر کے وسائی ۔ ویرار خطہ میں بڑھتی ہوئی غنڈہ گردی کو کچلنے کا تہیہ کرچکی ہے۔ اُنھوں نے اس لعنت کی سرکوبی کے لئے ووٹروں سے مدد کی درخواست بھی کی ہے۔ مہاراشٹرا اسمبلی کے 21 اکٹوبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل ٹھاکرے نے اضلاع تھانے اور پال گھر میں عام جلسوں سے خطاب کے دوران رائے دہندوں سے درخواست کی کہ بی جے پی ۔ شیوسینا کے حکمراں اتحاد کو ایک اور میعاد دی جائے۔ ادھو ٹھاکرے نے کہاکہ اس وسائی ۔ ویرار خطہ میں غنڈہ گردی کی شکایات کے پیش نظر اُنھوں نے انکاؤنٹر کے سابق اسپیشلسٹ پردیپ شرما کو حلقہ نلا سوپارہ سے مقابلے کے لئے میدان میں اُتارا ہے۔ پردیپ شرما جو سابق انسپکٹر پولیس ہیں، رضاکارانہ طور پر وظیفہ پر سبکدوش ہوتے ہوئے شیوسینا میں شامل ہوئے ہیں۔