سابق ایم ایل اے اور جے ڈی یو امیدوار اننت سنگھ گرفتار

   

پٹنہ ۔2 نومبر ( ایجنسیز )بہار کے موکاما علاقے میں سیاسی تشدد کے بعد پولیس نے کل دیر رات سابق ایم ایل اے اور جے ڈی یو امیدوار اننت سنگھ کو گرفتار کرلیا۔ یہ گرفتاری دلارچند یادو قتل کیس میں ہوئی ہے۔اننت سنگھ کو باڑھ سے حراست میں لے کر پٹنہ لایا گیا۔پٹنہ کے ایس ایس پی کارتیکیہ کے شرما نے بتایا کہ 30 اکتوبر کو دو امیدواروں کے گروپوں کے بیچ جھڑپ ہو گئی تھی۔ اس دوران پتھراؤ ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ واقعہ کے بعد ایک لاش برآمد ہوئی۔ مقتول 75 سالہ دلارچند یادو اسی گاؤں کے رہنے والے تھے جہاں تشدد ہوا تھا۔ دونوں فریق نے مقدمہ درج کرایا اور پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی۔ثبوت، عینی شاہدین کے بیانات اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی بنیاد پر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی اور یہ ایک سنگین معاملہ ہے۔ یہ پتہ چلا کہ یہ سب امیدوار اننت سنگھ کی موجودگی میں ہواجو اس معاملے کا کلیدی ملزم بھی ہیں۔ اننت سنگھ کوعدالت میں پیش کرنے کے بعد 14 دن کی عدالتی تحویل میں دیدیا گیا ہے ۔ ان کے ساتھی منی کانت ٹھاکر اور رنجیت رام کو بھی ان کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا ہے۔