سابق ایم ایل اے نریندر ریڈی اور امتیاز اسحاق کو پولیس نے گرفتار کرلیا

   

کوڑنگل میں قبرستان ، درگاہوں اور عاشور خانوں کو منہدم کرنے کا جائزہ لینے روانگی کے دوران پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 25 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی پی نریندر ریڈی اور سابق صدر نشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ چیف منسٹر کے اسمبلی حلقہ کوڑنگل میں قبور کو مسمار کرنے درگاہوں اور عاشور خانوں کو منہدم کرنے کے خلاف آج مقامی مسلمانوں نے کوڑنگل شہر میں احتجاجی دھرنا منظم کیا ۔ اس احتجاج میں شرکت کرنے کے لیے پہونچنے والے پی نریندر ریڈی اور امتیاز اسحاق ، ضلع لائبریری کے سابق صدر نشین رام کرشنا کو پولیس نے شہر کے مضافات میں گرفتار کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن کو منتقل کردیا ۔ پولیس کے اس رویہ کے خلاف بی آر ایس کے قائدین نے سڑک پر بیٹھ کر دھرنا دیا اور حکومت و چیف منسٹر کے خلاف نعرہ بازی کی ۔ سابق رکن اسمبلی نریندر ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے اسمبلی حلقہ میں یہ صورتحال ہے تو اضلاع میں کیا ہوگی اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔ رات کے اندھیرے میں سرکاری مشنری نے مسلم قبرستان اور قبروں کو نقصان پہونچایا۔ درگاہوں اور عاشور خانوں کو منہدم کردیا گیا ۔ امتیاز اسحاق نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں مسلمانوں اور ان کے مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں کو نقصان پہونچایا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے اسمبلی حلقہ میں اتنی بڑی کارروائی ہوئی جس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ۔ مگر افسوس کی بات ہے کہ چیف منسٹر نے اس پر کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا جس سے مقامی مسلمان چیف منسٹر اور حکومت سے سخت ناراض ہیں ۔ صدر نشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی نے برائے نام دورہ کیا ہے ۔ حکومت کے مشیر اقلیتی امور محمد علی شبیر اور کانگریس کے دوسرے قائدین صرف تماشہ دیکھ رہے ہیں ۔ کسی میں جرات نہیں بلکہ اس کے خلاف آواز اٹھائے۔ بی آر ایس پارٹی اس کی سخت مذمت کی ہے ۔۔ 2