سابق ایم پی جتیندر ریڈی کی کانگریس میں شمولیت

   

Ferty9 Clinic

محبوب نگر۔/16 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق ایم پی اے پی جتیندر ریڈی نے اپنے فرزند اے پی متھن ریڈی کے ہمراہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیامگاہ پہنچ کر اپنے حامیوں کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ریاستی کانگریس امور کے انچارج دیپا داس منشی نے پارٹی کھنڈوا پہنا کر ان کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا ، ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے جتیندر ریڈی کو لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی شاندار کامیابی کیلئے بھرپور جدوجہد کا مشورہ دیا۔ ان کے پارٹی میں شامل ہوتے ہی انہیں خصوصی نمائندہ برائے دہلی کے عہدہ پر مامور کردیا اور اڈوائزرٹو گورنمنٹ اسپورٹس افیرس کا عہدہ بھی عطا کیا۔ واضح رہے کہ خصوصی نمائندہ برائے دہلی کا درجہ کابینی وزیر کے درجہ کے مماثل ہے۔ وہ آئندہ پارلیمانی انتخابات کیلئے بی جے پی ٹکٹ کے دعویدار تھے ۔ ہائی کمان نے انہیں موقع نہیں دیا اور سخت ناراض ہوکر کانگریس میں شامل ہوگئے۔ ان کے فرزند متھن ریڈی بھی جو گذشتہ اسمبلی انتخابات میں محبوب نگر حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار تھے کانگریس میں شامل ہوگئے۔ جتیندرر یڈی نے بتایا کہ انہوں نے مکتوب استعفی بی جے پی کے قومی صدر کو روانہ کردیا ہے۔ جتیندرریڈی کو متحدہ ضلع محبوب نگر کے ارکان اسمبلی نے پرجوش مبارکباد دی۔