سابق ایم پی دھننجے سنگھ اغوا معاملےمیں خاطی قرار، بھیجے گئے جیل

   

جونپور: اترپردیش کے ضلع جونپور کی ایک عدالت نے منگل کو نمامی گنگے اسکیم کے پراجکٹ منیجر کے اغوا معاملے میں سابق ایم پی دھننجے سنگھ اور ان کے ایک معاون کو خاطی قرار دیتے ہوئے جیل بھیج دیا۔ دونوں کو چہارشنبہ کو 6 مارچ کو سزا سنائی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ اسسٹنٹ گورنمنٹ ایڈوکیٹ فوجداری لال بہادر پال نے بتایا کہ جونپور نگر میں نمامی گنگے اسکیم میں کام کرنے والے پروجیکٹ منیجرابھینو سنگھل نے 10 مئی 2020 کو ضلع کے لائن بازار پولیس اسٹیشن میں تعزیرات ہند کی دفعات 364، 386، 504 اور 120 کے تحت سابق ایم پی دھننجے سنگھ اور ان کے ساتھی سنتوش وکرم سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔
معاملے میں پولس کے ذریعہ چارج شیٹ عدالت میں بھیجے جانے کے بعد ایم پی ایم ایل اے کورٹ میں چل رہا تھا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایم ایل اے -ایم پی کورٹ(چہارم)شرد کمار ترپاٹھی کی عدالت میں آج اس کیس میں فیصلہ سنانے کی تاریخ تھی، عدالت نے سابق ایم پی دھننجے سنگھ اور ان کے ساتھی سنتوش وکرم سنگھ کو عدالتی تحویل میں لے لیا اور اپنے آرڈر کے تحت ملزمین سابق ممبرپارلیمنٹ دھننجے سنگھ اور سنتوش وکرم سنگھ کو خاطی قرار دیتے ہوئے چھ مارچ کو سزا سنانے کی تاریخ طے کی ہے ۔