راجیہ سبھا میں بی جے پی رکن کی زہر افشانی کی مذمت
حیدرآباد۔/26ستمبر، ( سیاست نیوز) سابق رکن پارلیمنٹ محمد ادیب نے نئی دہلی میں بی ایس پی کے رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی سے ملاقات کی اور لوک سبھا میں بی جے پی رکن کی جانب سے ان کے خلاف ریمارکس پر افسوس ظاہر کیا۔ آئی ایم سی آر کے صدر محمد ادیب نے سیکولر قائدین سے سوال کیا کہ وہ ایسے ایوان میں کس طرح بیٹھ سکتے ہیں جہاں مسلمانوں کے خلاف زہر اگلنے والے شخص کی موجودگی ہو۔ لوک سبھا میں بی جے پی رکن کے ذریعہ مسلم رکن کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کے ذریعہ مسلم قوم کی توہین کی گئی ہے۔ محمد ادیب نے حیرت کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم جس ایوان کے قائد ہیں اسی ایوان میں برسراقتدار پارٹی کے رکن نے ایوان کی حرمت کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کی۔ رکن پارلیمنٹ کے خلاف کارروائی کے بجائے صرف تنبیہ کی گئی اور وزیر اعظم بھی خاموش رہے جو دستور کی حرمت کو پامال کرنے اور ملک میں نفرت انگیز ماحول کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔ محمد ادیب نے سیکولر پارٹیوں کے قائدین سے سوال کیا کہ بی جے پی رکن کے خلاف اب تک کارروائی کیوں نہیں کی گئی باوجود اس کے اقلیتوں اور کمزور طبقات کی نمائندگی کا دم بھرنے والے قائدین کس طرح ایوان میں بیٹھ سکتے ہیں۔ محمد ادیب نے راہول گاندھی کی ستائش کی کہ انہوں نے دانش علی کے گھر پہنچ کر ملاقات کی۔ محمد ادیب نے تمام سیکولر قائدین سے راجیہ سبھا کے بائیکاٹ کی اپیل کی۔