سابق تحصیلدار شیخ پیٹ کی مشتبہ موت

   


حیدرآباد۔/3 ستمبر، ( سیاست نیوز) شہر میں سابق تحصیلدار شیخ پیٹ کی مشتبہ موت کا واقعہ سنسنی کا سبب بن گیا۔ رشوت خوری کے الزام میں رنگے ہاتھوں گرفتار سابق تحصیلدار سجاتا کی آج ان کے مکان میں مشتبہ انداز میں موت واقع ہوگئی۔ تاہم سجاتا کی خودکشی کے شبہات پائے جاتے ہیں۔ افراد خاندان کا کہنا ہے کہ سابق تحصیلدار سجاتا ان دنوں ڈینگو سے متاثر تھیں اور قلب پر حملہ کے سبب ان کی موت ہوگئی۔ سجاتا کو اے سی بی کے عہدیداروں نے سال 2020 میں کی گئی ایک کارروائی کے دورن ان کے ماتحت ریوینو انسپکٹر شیخ پیٹ ناگرجنا ریڈی کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ اس معاملہ میں اے سی بی نے سب انسپکٹر بنجارہ ہلز رویندر کو بھی گرفتار کیا تھا ۔ بنجارہ ہلز علاقہ میں واقع ایک قیمتی اراضی کے معاملہ میں رشوت طلب کی تھی ۔ پولیس نے تحصیلدار کے قبضہ سے 30 لاکھ روپئے برآمد کئے تھے۔ سجاتا قبل ازیں مشیرآباد اور عنبرپیٹ تحصیلدار کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی تھیں اور ان کا تبادلہ سال 2020 میں بحیثیت شیخ پیٹ تحصیلدار کیا گیا تھا اور شیخ پیٹ میں آنے کے بعد سجاتا اراضی اسکام میں ملوث ہونے کے الزامات میں گھر گئیں اور اس واقعہ کے اندرون 10 دن سجاتا کے شوہر اجئے کمار نے چکڑپلی میں واقع اپنے مکان کی بلندی سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلیا تھا جوعثمانیہ یونیورسٹی میں بحیثیت اسسٹنٹ پروفیسر خدمات انجام دے رہے تھے۔ اجئے کمارکی خودکشی کے بعد اے سی بی پر ہراسانی کے الزامات پائے جاتے ہیں اور اس ہراسانی سے تنگ آکر اسسٹنٹ پروفیسر اجئے کمار نے انتہائی اقدام کیا تھا۔ ع