سابق جرمن فٹبالر میست اوزل شادی کے بندھن میں بندھ گئے

   

قاہرہ ۔ 8جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) سابق جرمن فٹ بالر اور آرسینال فٹبال کلب کے مڈ فیلڈر میست اوزل شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ فٹبال اسٹار اوزل اور اُن کی منگیتر امینہ گُلسی کی گزشتہ روز شادی کی سادہ مگر پرُوقار تقریب ترکی کے شہر استنبول میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں ترک صدر طیب اردوغان اور اُن کی اہلیہ نے خصوصی شرکت کی۔ ترک صدر اور اُن کی اہلیہ کی موجودگی میں میست اوزل اور امینہ گلسی کا نکاح کیا گیا۔ 30سالہ اوزل نے اپنی شادی کی تقریب میں فراخ دلی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ اور اُن کی اہلیہ 1000ضرورت مند بچوں کی سرجری کا تمام تر خرچہ اٹھائیں گے۔ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں اوزل نے شادی کی تقریب میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں سے بھی عطیہ دینے کی درخواست کی ہے۔ عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ شادی کی تقریب کی تصویروں کو اوزل کے مداحوں کی جانب سے پسند کیا جارہا ہے۔اوزل کو بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ سمیت دنیا بھر کی معروف شخصیات کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات دئیے جارہے ہیں۔ ترک نژاد مسلمان میست اوزل کے بارے میں یہ بات بھی اہم ہے کہ وہ جرمنی کی قومی فٹبال ٹیم کے رکن رہ چکے ہیں اور جرمنی میں بنڈس لیگا کے ایک سے زائد کلبوں کے لیے بھی کھیلتے رہے ہیں۔ بعد میں وہ یورپی کلب فٹبال کی سطح پر اسپین کی رایئل میڈرڈ ٹیم کے لیے بھی کھیلتے رہے ہیں اور آج کل انگلش فٹبال کلب آرسنل لندن سے وابستہ ہیں۔