سابق حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں کو پوسٹنگ میں دشواریاں

   

سمیتا سبھروال آبپاشی کی ذمہ داری نبھانے تیار نہیں
حیدرآباد ۔یکم جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نظم و نسق میں سینئر اور متحرک عہدیداروں کو متعین کرنے کی مساعی کر رہے ہیں اور سابق بی آر ایس حکومت میں اہم عہدوں پر فائز عہدیداروں کے معاملہ میں احتیاط سے کام لیا جارہا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے اپنے قریبی وزراء سے کہا ہے کہ نئی حکومت میں سابق حکومت کے عہدیداروں کو اہم ذمہ داریاں نہیں دی جاسکتیں۔ یہی وجہ ہے کہ کئی سینئر عہدیدار اپنی نئی پوسٹنگ سے مطمئن نہیں ہیں۔ سابق چیف منسٹر کے سی آر کے دفتر میں بحیثیت سکریٹری خدمات انجام دینے والی سینئر عہدیدار سمیتا سبھروال محکمہ آبپاشی میں خدمات انجام دینے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سمیتا سبھروال نے وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی کو واقف کرایا کہ وہ محکمہ آبپاشی کی اضافی ذمہ داری نبھانے سے قاصر ہیں۔ حکومت اس فیصلہ سے الجھن کا شکار ہے اور سمیتا سبھروال کو نئی پوسٹنگ کے سلسلہ میں غور و خوض کیا جارہا ہے۔ سابق چیف منسٹر سے قربت رکھنے والے اور ان کی آفس میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کو اہم محکمہ جات کی پوسٹنگ کا حاصل ہونا مشکل دکھائی دے رہا ہے ۔1