سابق رکن اسمبلی اور بی آر ایس قائدین کی کانگریس میں شمولیت

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے استقبال کیا
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل (سیاست نیوز) نرمل ضلع سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی راتھوڑ باپو راؤ کے بشمول کئی سینئر قائدین نے آج کانگریس میں شمولیت اختیارکرلی۔ چیف منسٹر و صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے اپنی قیامگاہ پر ان قائدین کا کانگریس پارٹی میں استقبال کیا۔ بوتھ اسمبلی حلقہ کے سابق رکن راتھوڑ باپو راؤ ، نرمل میونسپل چیرمین جی ایشور ، سابق مارکٹ کمیٹی چیرمین راج محمد ، دامودر ریڈی اور دوسروں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ ریونت ریڈی نے ان قائدین کو کانگریس کا کھنڈوا پہناکر پارٹی میں شامل کیا۔ جوبلی ہلز میں واقع چیف منسٹر کی قیامگاہ پر نرمل ضلع سے بی آر ایس کے کارکنوں کی کثیر تعداد نے کانگریس میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے قائدین کو لوک سبھا الیکشن کی مہم میں مصروف ہوجانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ عادل آباد لوک سبھا حلقہ سے کانگریس امیدوار کی کامیابی کیلئے جدوجہد کی جائے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی آر ایس کی 10 سالہ حکمرانی میں بے قاعدگیوں سے عاجز آکر بی آر ایس قائدین کانگریس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ نرمل سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر این اندرا کرن ریڈی بھی عنقریب کانگریس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ ریاستی وزیر ڈی انوسویا سیتکا اور دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کی قیامگاہ پر روزانہ مختلف اضلاع سے بی آر ایس اور بی جے پی قائدین کی آمد کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں بی آر ایس اور بی جے پی کے کارکن اپنے قائدین کے ساتھ پہنچ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ ریونت ریڈی کی قیامگاہ انتخابی سرگرمیوں کا مرکز بن چکی ہے۔ 1