سابق رکن اسمبلی اور سابق ایم ایل سی پی ڈی پی میں شامل

   

سری نگر : سینئر لیڈر اور سابق رکن اسمبلی منصور حسین سہروردی اور سابق ایم ایل سی یاسر ریشی نے اتوار کے روز سری نگر میں واقع پارٹی ہیڈ کوارٹر پر پارٹی صدر محبوبہ مفتی کی موجودگی میں پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی۔ دونوں لیڈر پہلے بھی پی ڈی پی سے ہی وابستہ تھے اور اب دوبارہ پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔ منصور احمد جنہیں محبوبہ مفتی کا قریبی ساتھی مانا جاتا تھا، جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے شانگس حلقہ انتخاب سے رکن اسمبلی رہ چکے ہیں جبکہ شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ سمبل کے یاسر ریشی ایم ایل سی رہ چکے ہیں۔ پی ڈی پی نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘سابق ایم ایل اے منصور حسین سہروردی اور ایم ایل سی یاسر ریشی اتوار کو یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر پر پارٹی صدر محبوبہ مفتی کی موجودگی میں پی ڈی پی میں دوبارہ شامل ہوئے ‘۔ انہوں نے کہا کہ نائب صدر محمد سرتاج مدنی، پارلیمانی بورڈ کے سربراہ عبدالرحمن ویری، جنرل سیکرٹریز ایڈووکیٹ عبدالحق خان، محمد خورشید عالم، سینئر پارٹی لیڈروں اور سابق وزراء سید نعیم اختر اندرابی، ایڈووکیٹ نبی لون ہنجورا اور آسیہ نقاش نے ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان لیڈروں کی واپسی سے پارٹی مزید مستحکم ہوگی۔