حیدرآباد۔/13 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے سابق رکن اسمبلی ای رویندر ریڈی کے خلاف دائر کردہ انتخابی قواعد کی خلاف ورزی سے متعلق مقدمہ کو کالعدم کردیا ہے۔ اکٹوبر 2018 میں رویندر ریڈی کو ٹی وی چیانلس پر عوام سے 5 لاکھ روپئے اور سیلف ہیلپ گروپ کا وعدہ کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ انتخابات کے موقع پر رائے دہندوں سے وعدہ کے جرم میں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ سابق رکن اسمبلی کے وکیل این منوہر نے عدالت کو بتایا کہ 6 اکٹوبر کو الیکشن شیڈول جاری کیا گیا اور یہ تقریر شیڈول کی اجرائی سے 9 دن قبل کی ہے۔ عدالت نے وکیل کی دلیلوں سے اتفاق کیا اور کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ سے قبل کسی بھی معاملہ کو ضابطہ اخلاق سے نہیں جوڑا جاسکتا لہذا مقدمہ کو خارج کردیا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ حالیہ اسمبلی چناؤ میں رویندر ریڈی کو یلاریڈی اسمبلی حلقہ میں کانگریس امیدوار سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور کانگریس رکن اسمبلی نے ببی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی جس کے بعد رویندر ریڈی ایٹالہ راجندر کے ہمراہ بی جے پی میں شامل ہوگئے۔