ڈی کے ارونا اور بنڈی سنجے کے ہمراہ دہلی روانگی
حیدرآباد۔ کانگریس پارٹی سے کئی قائدین کی بی جے پی میں شمولیت کا تسلسل ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ سابق رکن اسمبلی کے سری سیلم گوڑ نے کانگریس پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے استعفی دے کر بی جے پی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مکتوب استعفی صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کو روانہ کردیا ہے۔ سری سیلم گوڑ گذشتہ عرصہ سے پارٹی میں ناراض تھے وہ میڑچل کے ضلع کانگریس صدر کے عہدہ پر فائز تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی کی قومی نائب صدر ڈی کے ارونا نے سری سیلم گوڑ سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کیلئے راضی کرایا۔ بتایا جاتا ہے کہ بہت جلد وہ بی جے پی میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 6 سال سے وہ کانگریس پارٹی کی صورتحال سے مطمئن نہیں ہیں اور عوامی مسائل پر جدوجہد میں کانگریس ناکام ہوچکی ہے۔ عنقریب نئی دہلی میں قومی قائدین کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ 2019 اسمبلی انتخابات میں سری سیلم گوڑ نے قطب اللہ پور اسمبلی حلقہ سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی تھی بعد میں کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا لیکن شکست ہوئی۔ واضح رہے کہ حال ہی میں وجئے شانتی، جی نارائن ریڈی اور دیگر کانگریسی قائدین بی جے پی میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔ اسی دوران صدر ریاستی بی جے پی بنڈی سنجے، ڈی کے ارونا کے علاوہ سری سیلم گوڑ نئی دہلی کیلئے روانہ ہوگئے۔