سابق رکن اسمبلی سی ایچ رمیش کی ہندوستانی شہریت پر ہائی کورٹ کا فیصلہ محفوظ

   

حیدرآباد۔/22 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ویملواڑہ کے سابق رکن اسمبلی سی ایچ رمیش کی ہندوستانی شہریت کے مسئلہ پر سماعت کو آج مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کردیا ہے۔ سابق رکن اسمبلی سی ایچ رمیش کی دوہری شہریت کا معاملہ طویل عرصہ سے ہائی کورٹ میں زیر التواء ہے۔ حال ہی میں مرکزی وزارت داخلہ نے اپنی رپورٹ میں رمیش کو جرمنی کا شہری قرار دیا تھا۔ عدالت کوآج اس مسئلہ پر فیصلہ سنانا تھا لیکن سماعت کے موقع پر جج نے مزید وضاحتیں طلب کی ہیں۔ عدالت نے سوال کیا کہ سی ایچ رمیش کس ملک کے پاسپورٹ پر سفر کررہے ہیں۔ طویل عرصہ سے ہندوستان اور جرمنی کے درمیان سفر کیلئے کس پاسپورٹ کا استعمال کیا گیا۔ سی ایچ رمیش کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جرمنی کے پاسپورٹ پر سفر کیا جارہا ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ جرمنی کے پاسپورٹ پر سفر کرنے سے ہندوستانی شہریت ختم نہیں ہوتی۔ ہائی کورٹ نے اس موقع پر سوال کیا کہ سابق رکن اسمبلی کے پاس کیا ہندوستانی پاسپورٹ موجود ہے، جس پر وکیل نے نفی میں جواب دیا۔ جج نے کہا کہ اس معاملہ کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد ہی فیصلہ سنایا جائے گا۔ سی ایچ رمیش نے شہریت کے بارے میں مرکزی وزارت داخلہ کے احکامات کو چیالنج کیا ہے۔1