سابق رکن اسمبلی نریندر ریڈی ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے ہائی کورٹ سے رجوع

   

حیدرآباد۔/26 نومبر، ( سیاست نیوز) کوڑنگل کے سابق رکن اسمبلی پی نریندر ریڈی نے ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے تلنگانہ ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی ہے۔ گذشتہ ماہ بمرس پیٹ پولیس اسٹیشن میں ان کے خلاف دائر کردہ مقدمات کا حوالہ دیتے ہوئے اس سلسلہ میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرنے کی درخواست کی گئی۔ درخواست گذار کے وکیل نے عدالت کو مقدمات کی تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ نریندر ریڈی کو پولیس کی جانب سے گرفتار کئے جانے کا امکان ہے لہذا قبل از گرفتاری ضمانت منظور کی جائے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بمرس پیٹ پولیس اسٹیشن میں درج کردہ مقدمات کے تحت پی نریندر ریڈی کو گرفتار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ جب گرفتاری کا امکان نہ ہو تو پھر ضمانت قبل از گرفتاری کی ضرورت نہیں۔ فریقین کی سماعت کے بعد عدالت نے 5 ڈسمبر کو آئندہ سماعت مقرر کی ہے۔ واضح رہے کہ پی نریندر ریڈی لگچرلہ گاؤں میں ضلع کلکٹر اور دیگر عہدیداروں پر حملہ کے واقعہ کے سلسلہ میں پہلے ہی عدالتی تحویل میں ہیں۔ ان کے خلاف بمرس پیٹ پولیس اسٹیشن میں نئے مقدمات درج کئے گئے جس پر انہیں گرفتاری کا اندیشہ ہے۔1