حیدرآباد۔/19 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے سابق رکن اسمبلی پی نریندر ریڈی کو راحت دیتے ہوئے چرلہ پلی جیل میں خصوصی بیرک الاٹ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کوڑنگل حلقہ میں ضلع کلکٹر اور دیگر پر حملہ میں پولیس نے دیگر افراد کے ساتھ سابق رکن اسمبلی نریندر ریڈی کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دیا ہے۔ نریندر ریڈی نے قیدیوں کے ساتھ انہیں بیرک میں رکھنے پر ہائی کورٹ میں ہاوز موشن پٹیشن دائر کی تھی جسے ہائی کورٹ رجسٹری نے مسترد کردیا تھا۔ اس مسئلہ پر سابق رکن اسمبلی نے ہائی کورٹ میں باقاعدہ پٹیشن دائر کی جس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے انہیں علحدہ بیرک الاٹ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس سلسلہ میں چرلہ پلی جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی گئی۔ ہائی کورٹ نے نریندر ریڈی کیلئے گھر سے غذا کی فراہمی کی بھی اجازت دی ہے۔ 1