سابق رکن اسمبلی وشنو وردھن ریڈی کانگریس سے مستعفی

   

حیدرآباد ۔ 28 اکٹوبر (سیاست نیوز) کانگریس کی جانب سے سابق ایم پی اور کرکٹر محمد اظہرالدین کو حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز سے پارٹی ٹکٹ الاٹ کرنے کے بعد سابق ایم ایل اے وشنو وردھن ریڈی نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس سے مستعفی ہوگئے۔ وشنووردھن ریڈی نے، جو مشہور سیاستداں پی جناردھن ریڈی (پی جے آر) کے فرزند ہیں، کہا کہ انہیں تلنگانہ کانگریس انچارج مانک راؤ ٹھاکرے نے حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز سے ٹکٹ دینے کا تیقن دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’حیدرآباد میں جوبلی ہلز واحد نشست ہے جہاں سے کانگریس کی کامیابی کا امکان ہے۔ یہ بات حیرت انگیز ہیکہ اس طرح کی نشست کیلئے ایک ایسے شخص کو ٹکٹ دیا گیا جو اس حلقہ سے جڑا ہوا نہیں تھا‘‘۔ وشنو وردھن ریڈی نے کہا کہ انتخابات کے اعلان کے بعد وہ گھر گھر مہم چلارہے تھے اور اب کانگریس کی جانب سے انہیں نظرانداز کئے جانے کے بعد استعفیٰ دے دیئے ہیں۔ وشنووردھن ریڈی نے کہاکہ ’’جوبلی ہلز میں مختلف کمیونٹیز بشمول ایس سی، بی سی اور دیگر گروپس کے رائے دہندے ہیں، صرف ایک کمیونٹی کو ٹکٹس دینا مناسب نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی میں صرف ان لوگوں کو ٹکٹس دیئے گئے، جنہوں نے قائدین کی خدمت کی نہ کہ عوام کی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں پی جے آر جیسے قائد کے خاندان کو نظرانداز کرنا کانگریس پارٹی کا غلط اقدام ہے اور کہا کہ وہ یقیناً جوبلی ہلز سے مقابلہ کریں گے اور اس کیلئے تمام راہیں تلاش کررہے ہیں۔