سابق رکن اسمبلی کو سرحد پر روک دیا گیا، پولیس سے بحث و تکرار

   

حیدرآباد۔ تلنگانہ پولیس نے آندھرا کے سرحدی علاقوں میں چیک پوسٹ پر چوکسی کو برقرار رکھا ہے اور ای پاس کے بغیر کسی کو داخل ہونے نہیں دیا جارہا ہے۔ وائی ایس آر پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق رکن اسمبلی کو پولیس نے پاس کے بغیر تلنگانہ میں داخلہ سے روک دیا۔ انہوں نے پولیس سے اپنا تعارف کرایا ، باوجود اس کے پولیس نے واضح کردیا کہ ای پاس کے بغیر داخلہ کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ سابق رکن اسمبلی نے پولیس کے ساتھ بحث و تکرار کی ، ان کا کہنا تھا کہ حیدرآباد دونوں ریاستوں کا مشترکہ دارالحکومت ہے اور وہ سابق رکن اسمبلی کی حیثیت سے سفر کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ تاہم پولیس نے انہیں اجازت نہیں دی۔ ڈاکٹر ستیہ نارائنا نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ حکومت غیر دستوری فیصلے کر رہی ہے۔ وہ ڈاکٹر کی حیثیت سے ملک کے کسی بھی حصہ میں جاسکتے ہیں لیکن تلنگانہ پولیس اس حقیقت کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ گناورم سے بذریعہ طیارہ حیدرآباد روانہ ہوں گے اور وہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ انہیں حیدرآباد میں کون روکے گا۔