سیاسی صورتحال پر بات چیت، حاجی پور واقعہ اورآر ٹی سی ہڑتال کا تذکرہ
حیدرآباد۔/11 اکٹوبر،( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے آج گورنر ٹی سوندرا راجن سے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ کانگریس قائدین بی کشن ، ایس سریکانت اور دوسرے موجود تھے۔ ہنمنت راؤ نے گورنر کو ریاست کی سیاسی صورتحال سے واقف کرایا خاص طور پر بھونگیر کے حاجی پور میں 3 لڑکیوں کے قتل کے واقعہ کی تفصیلات بیان کی۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ عوامی مسائل پر وہ بے خوف و خطر بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل کے الائی بلائی پروگرام میں ان کی تقریر سے تکلیف پہنچی ہو تو وہ معذرت خواہ ہیں۔ گورنر نے کہا کہ انہوں نے کچھ برا نہیں سمجھا۔ ہنمنت راؤ نے حاجی پور واقعہ کے ملزمین کو سزا دینے کیلئے فاسٹ ٹریک کورٹ کے قیام میں حکومت کی ناکامی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں وہ بارہا نمائندگی کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو آج تک کوئی امداد نہیں دی گئی۔ اگر کے سی آر کے خاندان میں کسی کے ساتھ یہ واقعہ پیش آتا تو کیا حکومت خاموش رہتی۔ انہوں نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب سے روکنے اور اسے پولیس اسٹیشن میں رکھنے کا ذکر کیا۔ ہنمنت راؤ نے انٹر میڈیٹ نتائج میں دھاندلیوں کے سبب 25 سے زائد طلبہ کی خودکشی اور آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کے بارے میں تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے رویہ کے باعث 4 آر ٹی سی ملازمین کی موت واقع ہوچکی ہے۔ اس کے لئے حکومت ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے نئے گورنر کی حیثیت سے انصاف کی اُمید کے ساتھ وہ پہنچے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے دیپاولی کے موقع پر ان کی قیامگاہ پر ہونے والے پروگرام میں شرکت کی گورنر کو دعوت دی۔ ہنمنت راؤ کے مطابق گورنر نے تمام مسائل کی ہمدردانہ سماعت کی اور ضروری کارروائی کا تیقن دیا۔