14 دن تک کورنٹائن کیا گیا، 3 خصوصی بسوں سے منتقلی کا انتظام
حیدرآباد 7 مئی (سیاست نیوز) سابق رکن پارلیمنٹ کے کویتا کی مداخلت پر مہاراشٹرا کے شولا پور میں پھنسے ہوئے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 68 طالبات کو تلنگانہ واپس لانے کا انتظام کیا گیا۔ 23 دنوں سے شولا پور میں پھنسے ہوئے ان طالبات نے ٹوئٹر کے ذریعہ کویتا کو اپنے مسائل سے واقف کرایا تھا۔ انہوں نے واپسی کے سلسلہ میں انتظامات کی اپیل کی۔ کویتا نے طالبات کے لیے 3 خصوصی بسوں کا انتظام کیا جس کے ذریعہ وہ تلنگانہ واپس ہوسکے۔ بسوں میں سماجی فاصلے کو برقرار رکھا گیا تھا۔ لاک ڈائون کے نتیجہ میں یہ 68 طالبات شولا پور میں پھنس گئے تھے۔ تلنگانہ کے مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ان طالبات نے واپسی کے انتظامات پر کویتا سے اظہار تشکر کیا۔ یہ نوجوان شولا پور کے ایک خانگی کالج میں مقیم تھے۔ واپسی کے بعد عہدیداروں نے ان طالبات کے کورنٹائن کا انتظام کیا۔ کورنٹائن کی مدت کی تکمیل کے بعد وہ اپنے گھر واپس ہوں گے۔