سابق ریاستی وزیر لکشما ریڈی کا سنسنی خیز متنازعہ ریمارکس، عوام کی یادداشت کمزور ، تمام فلاحی اسکیمات کو منسوخ کر کے انتخابات سے ایک سال قبل بحال کی جائے

   

Ferty9 Clinic


حیدرآباد :۔ سابق ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے سنسنی خیز متنازعہ ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی یادداشت کمزور ہوتی ہے ۔ لہذا تمام سرکاری فلاحی اسکیمات کو منسوخ کردینا چاہئے اور الیکشن سے ایک سال قبل دوبارہ ان کو بحال کرنا چاہئے ۔ وہ چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کرتے ہوئے یہ تجویز پیش کرنا چاہتے ہیں ۔ ضلع محبوب نگر کے جڑچرلہ شہر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ جس سے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے اور سوشیل میڈیا میں یہ ریمارکس تیزی سے وائرل ہوگئے ۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے جہاں سابق وزیر ڈاکٹر لکشما ریڈی کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں سوشیل میڈیا پر ان کے چاہنے والوں اور مخالفین میں لفظی جنگ چھیڑ گئی ہے ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بہت سی ایسی فلاحی اسکیمات ہیں جس کو تلنگانہ حکومت نے متعارف کرایا ہے ۔ جن کی ملک بھر میں کہیں مثال نہیں ملتی ۔ ٹی آر ایس حکومت ریاست کی ترقی اور عوام کے فلاح و بہبود کے لیے جو کام کررہی ہے وہ عام افراد کو سمجھ میں نہیں آرہا ہے ۔ زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ جو فضول ہے ۔ صرف 3 تا 4 گھنٹے مفت برقی سربراہ کرنا کافی ہے ۔ اس لیے وہ چیف منسٹر کے سی آر سے خواہش کرنا چاہتے ہیں کہ تمام فلاحی اسکیمات کو منسوخ کردیں اور انتخابات سے ایک سال قبل ان فلاحی اسکیمات کو بحال کردیں ۔ ایسا کرنے سے عوام کو یاد رہے گاکہ حکومت ان کی فلاح و بہبود کے لیے کیا اقدامات کررہی ہے ۔۔