سابق شکست کے اثرات ہنوز ذہنوں میں موجود : مارکرام

   

وجئے نگرم ۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے خلاف عنقریب شروع ہونے والی تین ٹسٹ مقابلوں کی سیریز سے قبل جنوبی افریقی ٹیم کے بیٹسمین ایڈین مارکرام نے کہا ہیکہ 2015ء میں ہندوستان کے خلاف ٹیم کو جو 3-0 کی شکست ہوئی تھی اس کا بوجھ ہنوز کئی کھلاڑی اٹھا رہے ہیں۔ آخری مرتبہ جب چار برس قبل جنوبی افریقی ٹیم نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا تو ویراٹ کوہلی کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو تین مقابلوں کی سیریز میں وائیٹ واش کیا تھا اس وقت مارکرام صرف 20 برس کے تھے۔ ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 2 اکٹوبر کو شاکھاپٹنم میں تین مقابلوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ شروع ہوگا۔ اس ضمن میں آئی سی سی کے سرکاری ویب سائیٹ سے اظہارخیال کرتے ہوئے مارکرام نے کہا کہ گذشتہ سیریز میں ہوئی شکست کا اثر ہنوز چند کھلاڑیوں کے ذہن پر سوار ہے۔ تاہم اس مرتبہ وہ ہندوستانی چیلنج کو قبول کرنے کیلئے تیار ہیں اور کامیابی کیلئے پُرعزم بھی ہیں۔ مارکرام نے تاحال 17 ٹسٹ مقابلوں میں 1358 رنز اسکور کئے ہیں اور انہوں نے اے ٹیم کے ساتھ اس سیریز سے قبل کچھ پریکٹس بھی کرلی ہے۔ جنوبی افریقی ٹیم کو یہاں آج بورڈ پریسیڈنٹ الیون کے خلاف سہ روزہ مقابلہ شروع کرنا تھا لیکن بارش کی وجہ سے پہلا دن متاثر رہا۔ مارکرام نے مزید کہا کہ شخصی مظاہروں کے تناظر میں اگر یہ کہا جائے کہ اے ٹیم کے ساتھ یہاں پہلے پہنچ کر میچ پریکٹس کرنا یقینا سودمند ہوگا لیکن اے سیریز کیلئے جو وکٹیں تیار کی گئی تھی وہ مختلف رہیں۔ 24 سالہ مارکرام نے میسور میں منعقدہ اے ٹیم کے چار روزہ مقابلہ میں میزبان ہندوستان کے خلاف 161 رنز کی اننگز کھیلی ہے اور امید کررہے ہیں وہ اس بہتر مظاہرہ کو ٹسٹ سیریز میں بھی جاری رکھیں گے۔