۔7 روزہ سرکاری سوگ ، آج آخری رسومات
نئی دہلی: سابق صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کا پیر کی شام دیہانت ہوا۔ وہ 84سال کے تھے۔ سابق صدر کے فرزند و سابق ایم پی ابھیجیت مکرجی نے ٹوئیٹ کرکے یہ اطلاع دی۔ پرنب مکرجی کئی دنوں سے آرمی کے آر اینڈ آر ہاسپٹل میں زیرعلاج تھے ۔ ابھیجیت نے کہا: ’’بھاری دل سے آپ کو مطلع کررہاہوں کہ ریسرچ اینڈ ریفرل ہاسپٹل کے ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں اور ملک کے عوام کی دعاؤں کے باوجود میرے والد شری پرنب مکرجی کا ابھی کچھ دیر قبل انتقال ہوگیا‘‘۔ آخری رسومات منگل کو دہلی میں کووڈ۔19 پروٹوکول کے درمیان انجام دی جائیں گی۔ حکومت ہند نے 31 اگسٹ سے 6 ستمبر تک سات روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اس مدت میں قومی پرچم نصف بلندی پر رہے گا اور کوئی سرکاری تفریحی پروگرام نہیں ہوگا ۔ پرنب مکرجی کو 10 اگسٹ کو دواخانہ سے رجوع کیا گیا اور اُسی روز اُن کے دماغ سے جمے خون کو ہٹانے کیلئے اُن کا آپریشن کیا گیا تھا۔بعد میں وہ پھیپھڑے کے انفکشن میں مبتلا ہوگئے اور پھر صحت یاب نہ ہوپائے ۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند ، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو ، وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں قوم نے آنجہانی سابق صدر کو بھرپور خراج پیش کیا ۔ صدر کووند نے کہا کہ پرنب مکرجی ہمیشہ زمین سے جڑے رہے اور اُنھوں نے راشٹرپتی بھون کے دروازے عام لوگوں کیلئے کھول رکھے تھے۔ وینکیا نائیڈو اور وزیراعظم مودی نے اپنے پیامات تعزیت میں کہاکہ ملک بہترین سیاسی شخصیت سے محروم ہوگیا ہے۔ وہ اپنی نرم اور ملنسار طبیعت کی وجہ سے سیاسی میدان میں مقبول تھے۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی ، پارٹی قائدین بشمول چیف منسٹرس نے بھی پرنب مکرجی کے دیہانت پر رنج و غم کا اظہار کیا ، جن کا تعلق کانگریس سے بھی رہا اور وہ یوپی اے حکومت کے دوران صدرجمہوریہ کے جلیل القدر عہدہ (2012-17) پر فائز ہوئے تھے ۔ دیگر تمام سیاسی پارٹیوں اور شخصیتوں نے بھی پرنب مکرجی کے انتقال پر دُکھ کا اظہار کیا ۔