کابل ؍ واشنگٹن : امریکہ نے طالبان کے سابق کمانڈر حاجی نجیب اللہ پر 2008 میں امریکی فوجی اہلکاروں کو قتل کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ یہ پیشرفت افغانستان میں امریکہ کی قیادت میں فوجی کارروائی کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر ہوئی ہے۔امریکی محکمہ انصاف کی طرف سے 7 اکتوبر کے روز جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے،’’حاجی نجیب اللہ، جن پر پہلے ہی 2008 میں ایک امریکی صحافی کو اغوا کرنے کا الزام ہے، کو2008 میں افغانستان میں امریکی سروس کے اراکین پر حملوں کے لیے ملزم قرار دیا جا رہا ہے۔ ان حملوں کے نتیجے میں تین امریکی فوجیوں اور ان کے افغان ترجمان کی موت ہو گئی تھی جب کہ ایک امریکی ہیلی کاپٹرکو بھی مار گرایا گیا تھا۔”حاجی نجیب اللہ کو امریکیوں کے قتل میں ماخوذ کیے جانے کی خبریں امریکہ کی قیادت میں افغانستان پر فوجی حملے کی 20ویں سالگرہ کے موقع پر آئی ہیں۔ امریکہ نے 7اکتوبر 2001 کو افغانستان پر حملہ کیا تھا۔ان الزامات کا تعلق 2007 اور 2009 کے درمیان امریکی فوجیوں کے خلاف کیے گئے حملوں سے ہے۔ایک واقعہ میں حاجی نجیب اللہ کو ملزم بنایا گیا ہے جو 26 جون 2008 کو پیش آیا جب امریکی فوجی قافلہ پر حملہ کیا گیا، جس میں تین فوجی اہلکار مارے گئے۔