سابق عالمی نمبر ایک شاراپوا ٹینس سے سبکدوش

   

لاس اینجلس ۔27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) روس سے تعلق رکھنے والی دنیا کی مشہور ٹینس اسٹار اور پانچ مرتبہ کی گرانڈسلام چمپئن 32 سالہ ماریا شاراپوا نے ٹینس سے سبکدوشی کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق روسی ایتھلیٹ نے آخری مرتبہ 2014 میں گرانڈ سلام جیتا تھا۔ اپنی سبکدوشی کے اعلان سے قبل آخری مرتبہ انہوں نے آسٹریلین اوپن 2020 میں شرکت کی اور پہلے ہی راؤنڈ میں شکست سے دوچار ہوئی تھیں۔سبکدوشی کا اعلان کرتے ہوئے شاراپوا نے کہا کہ میں ٹینس کو الوداع کہہ رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ٹینس کو اپنی زندگی دی اور ٹینس نے مجھے زندگی دی۔ ٹینس اسٹار نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ہر دن کو بہت یاد کریں گی، اپنی ٹریننگ اور روزمرہ کی مصروفیات کو۔واضح رہے کہ شاراپوا7 برس کی عمر میں 1994 میں ٹینس کی ٹریننگ کے لیے امریکہ منتقل ہوئی تھیں۔ 2004 میں 17 برس کی عمر میں انہوں نے ومبلڈن کے فائنل میں نمبر ون سیڈ سرینا ولیمزکو شکست دے کر پہلا گرانڈ سلام اپنے نام کیا۔ 2005 میں پہلی مرتبہ عالمی درجہ بندی میں نمایاں ہوئیں جب انہوں نے ومبلڈن خطاب کے ساتھ 2 فرنچ اوپن خطابات، ایک آسٹریلین اوپن اوریو ایس اوپن خطاب جیتا۔