سابق فاسٹ بولر جوگیندر شرما عوام کی مدد میں مصروف

   

Ferty9 Clinic

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ہندوستانی کھلاڑی کی ستائش
نئی دہلی۔ 29مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2007 ٹی -20 ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے رکن اور ہندستان کے سابق فاسٹ بولر جوگندر شرما کی کورونا وائرس کے پھیلنے کے درمیان لوگوں کی مدد کو لے کر تعریف کی ہے ۔سابق ہندستانی بولر جوگندر ابھی ہریانہ پولیس میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں اور کورونا وائرس کی وجہ سے ہندستان میں ہوئے 21 دن کے لاک ڈاؤن کی دوران وہ اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے لوگوں کی مدد کر رہے ہیں۔ جوگندر کے اس کام کی آئی سی سی نے بھی جم کر تعریف کی اور انہیں اصل ہیرو بتایا۔آئی سی سی نے ٹویٹ کرکے کہاکہ 2007 ٹی -20 ورلڈ کپ کے ہیرو اب 2020 میں اصل میں عالمی ہیرو بن گئے ہیں۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد پولیس کی نوکری کرنے والے ہندستان کے جوگندر شرما ان لوگوں میں سے ایک ہیں جو کورونا سے جنگ میں لوگوں کی مدد کر رہے ہیں۔ جوگندر نے ہندستان کے لئے چار ون ڈے میں ایک وکٹ لیا ہے جبکہ انہوں نے چار ٹی -20 میں چار وکٹ لئے ہیں۔ جوگندر نے 77 فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہیں۔ انہوں نے دسمبر 2018 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا تھا۔جوگندر 2007 عالمی کپ فاتح ٹیم کا حصہ تھے اور انہوں نے پاکستان کے خلاف کھیلے گئے فائنل میں آخری اوور میں بولنگ کی تھی اور مصباح الحق کو آؤٹ کر کے ہندستان کو خطاب دلایا تھا۔