سابق فاسٹ بولر ڈیوڈ جانسن چوتھی منزل سے گر کر ہلاک

   

بنگلورو: سابق ہندوستانی فاسٹ بولر ڈیوڈ جانسن یہاں اپنے چوتھی منزل کے اپارٹمنٹ کی بالکونی سے گرنے کے بعد انتقال کرگئے، کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشن (کے ایس سی اے ) کے ایک عہدیدار نے جمعرات کو بتایا۔وہ 52 سال کے تھے اور ان کے پسماندگان میں بیوی اور دو بچے ہیں۔ فی الحال دستیاب تفصیلات کے مطابق جانسن جو اپنے گھر کے قریب کرکٹ اکیڈمی چلا رہے تھے، حالیہ دنوں میں ٹھیک نہیں تھے۔کے ایس سی اے کے عہدیدار نے مزید کہا کہ ہمیں اطلاع ملی کہ وہ اپنے اپارٹمنٹ کی عمارت کی چوتھی منزل سے گرے ہیں ۔ انہیں اسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا۔ ڈیوڈ نے ہندوستان کے لئے دو ٹسٹ مقابلے کھیلے تھے جبکہ انہوں نے 39 فرسٹ کلاس مقابلے کھیلے ہیں۔ ڈیوڈ کی موت پر کرناٹک کے کرکٹ حلقوں میں غم ہے اور خاص کرکرناٹک کے سابق فاسٹ بولر جاوگل سری کانت ، انیل کمبلے ، پرساد ، راہول ڈراویڈ کے علاوہ بی سی سی آئی کے سربراہ جے شاہ نے غم کا اظہار کیا ہے ۔