پیرس: فرانسیسی عدالت نے سابق صدر نکولس سرکوزی کوانتخابی مہم میں مقرر کرد حد سے زائد خرچ کرنے پر ایک سال قید کی سزا سنادی ہے۔الجزیرہ کے مطابق سابق صدر نے 2012 میں ہونے والے انتخابات کی مہم چلانے پر غیر قانونی طریقے سے مقررکردہ رقم سے دوگنا خرچ کیے تھے۔ تاہم اس کے باوجود وہ شکست سے دوچار ہوئے۔جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یہ بات بالکل واضح ہے کہ سرکوزی اس بات سے بخوبی واقف تھے کہ ان کی ٹیم قانونی حد سے زیادہ خرچ کر رہی ہے۔ جج نے مزید کہا کہ سابق صدر الیکٹرانک کڑے کے ساتھ اپنی سزا گھر پر بھی پوری کرسکتے ہیں، تاہم 66 سالہ صدر کے وکلا نے کمرہ عدالت سے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔2007 سے 2012 تک فرانس کے صدر رہنے والے سرکوزی 2012 میں سوشلسٹ پارٹی کے فرانکوئس ہولینڈ کے مقابلے میں دوبارہ ہونے والے انتخابات میں ہار گئے تھے اور ان پر الزام عائد کیا گیا تھا ۔
کہ انہوں نے انتخابی مہم کے لیے قانونی طور پر مقرر کردہ ساڑھے 22 ملین یورو( 26 ملین ڈالر) سے دو گنا خرچ کیے تھے۔