سابق مرکزی وزیر رینوکا چودھری کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ

   

حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست (سیاست نیوز) سابق مرکزی وزیر اور کانگریس پارٹی کی سینئر قائد رینوکا چودھری کے خلاف کھمم کی مقامی عدالت نے غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے ۔ دھوکہ دہی کے مقدمہ میں کھمم ضلع کی سکنڈ ایڈیشنل فاسٹ ٹریک کورٹ نے وارنٹ جاری کیا۔ 2014 اسمبلی انتخابات میں اسمبلی ٹکٹ دلانے کا وعدہ کرتے ہوئے دھوکہ دہی کی شکایت پر یہ کارروائی کی گئی ۔ کلواتی نامی خاتون نے شکایت کی کہ رینوکا چودھری نے ان کے شوہر کو ٹکٹ دلانے کا وعدہ کیا تھا۔ رینوکا چودھری کے خلاف خانہ پور حویلی پولیس اسٹیشن میں آئی پی سی کی دفعات 420 اور 417 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔ عدالت نے مقدمہ کی تحقیقات کے سلسلہ میں رینوکا چودھری کو کئی مرتبہ نوٹس جاری کی۔ تاہم وہ عدالت میں حاضر نہیں ہوئے۔ اس کے بعد غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔