حیدرآباد 11 اپریل (یو این آئی) سابق مرکزی وزیر و تلگو فلموں کے مشہور اداکار چرنجیوی نے دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی کے پولیس عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اپنے ویڈیو پیام جس کو انہوں نے اپنے ٹوئیٹر ہینڈل پر پوسٹ کیا،لاک ڈاون کو کامیاب بنانے کے سلسلہ میں سخت محنت اور مساعی پر پولیس ملازمین سے اظہار تشکر کیا۔ چرنجیوی جو پولیس ملازم کے فرزند ہیں کی جانب سے پوسٹ کردہ یہ ویڈیو کافی وائرل ہوگیا ہے ۔تلنگانہ کے پولیس سربراہ مہیندرریڈی نے ان کے اس ویڈیو کی ستائش کی۔مسٹر ریڈی نے جوابی ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہاکہ چرنجیوی نے نہ صرف ہم میں مکمل پولیس فورس میں جذبہ پیدا کیا بلکہ عوام میں بڑے پیمانہ پر بیداری پیدا کی۔پولیس کے خاندان کے رکن کے طورپر یہ پیام جو چرنجیوی کی جانب سے دیاگیا ہے ،کافی معنی رکھتا ہے ،اس پیام کے ذریعہ کورونا کے خلاف لڑائی لڑنے میں کافی مدد ملے گی۔
