سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر رگھوونش پرساد سنگھ کا انتقال

,

   

نئی دہلی: دیہی ترقی کے سابق مرکزی وزیر اور بہار کی اہم اپوزیشن راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سابق قومی نائب صدر ڈاکٹر رگھوونش پرساد سنگھ کا آج دہلی کے آل انڈیا میڈیکل سائنس انسٹی ٹیوٹ (ایمس) میں علاج کے دوران انتقال ہوگیا۔وہ 74 برس کے تھے ۔رگھونش پرساد کے انتقال پر وزیراعظم نریندر مودی ، آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو اور دیگر کئی قائدین نے اظہار تعزیت کیا ۔ مرحوم کو ایک فعال اور غریبوں کا لیڈر قرار دیا ۔

آر جے ڈی قائد رگھوونش پرساد کے دیہانت پر
پرینکا،اکھلیش اوردیگرقائدین کا اظہارِ رنج
لکھنؤ : دیہی ہندوستان کی سیاست کے ماسٹر اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے قدآور لیڈر رگھوونش پرساد سنگھ کے دیہانت پر کانگریس کی سکریٹری جنرل پرینکا گاندھی وڈرا اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔سانس کی بیماری سے متاثر مسٹر سنگھ کا اتوار کو نئی دہلی ایمس میں انتقال ہوگیا ۔ایس پی صدرنے ٹوئٹ کیا کہ’’ ان کے انتقال سے ملک کے غریبوں نے ان کیلئے آواز بلند کرنے والا قائد کھودیا ہے ۔ پرینکا وڈرا نے ٹوئٹ کیا کہ ‘‘دیہی علاقوں، کھیت وکھلیان اورسماجی انصاف کی مضبوط آواز مسٹر رگھونش پرساد سنگھ کا انتقال ملک کی سیاست کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے ۔سی پی آئی کے قومی سکریٹری اتل کمار انجان نے بھی ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوت نے رگھوونش پرساد سنگھ کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ سابق نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ نے بھی سنگھ کی موت پرافسوس ظاہر کیا اور کہا کہ رگھوونش بابو کی موت سے وہ دلبرداشتہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر سنگھ نے غریبوں کی سنی اور ان کے دکھ کو سمجھا ۔ دیہی ہندوستان کو بااختیار بنانے میں ان کی وکالت اور تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔آر جے ڈی کے سینئر قائد و سابق مرکزی وزیر کی موت سے نہ صرف ملک کی سیاست میں خلا پیدا ہوا ہے بلکہ پارٹی کوبھی بھاری نقصان پہنچا ہے ۔ حالیہ عرصہ میں بہار کی سیاست میں غیر معمولی تبدیلیوں میں آر جے ڈی سینئر قائد کے رول پر سب کی نظریں مرکوز تھیں ۔