سابق مس پڈوچیری سان ریچل گاندھی کی خودکشی

   

پڈوچیری، 14 جولائی (پی ٹی آئی) ۔ معروف ماڈل اور سوشل میڈیا انفلوئنسر سان ریچل گاندھی، جو فیشن انڈسٹری میں رنگت پرستی (کلرازم) کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے جانی جاتی تھیں، نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ ان کی عمر صرف 26 سال تھی۔ ریچل نے مبینہ طور پر بلڈ پریشر کی گولیاں زیادہ مقدار میں کھا لی تھیں۔ انہیں پہلے ایک سرکاری اسپتال، پھر ایک خانگی اسپتال اور بعد ازاں جواہر لعل انسٹی ٹیوٹ آف پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ منتقل کیا گیا، جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔ رپورٹس کے مطابق ریچل حالیہ مہینوں میں شدید مالی مشکلات کا شکار تھیں۔ موت سے چند گھنٹے قبل وہ اپنے والد کے گھر مالی مدد کی درخواست لے کر گئیں لیکن انہیں مبینہ طور پر واپس بھیج دیا گیاکیونکہ ان کے والد نے اپنے بیٹے کی ذمہ داریوں کا حوالہ دیا۔ پولیس کے بموجب ریچل نے اپنے کیریئر کے لیے اپنا زیور بیچ دیا تھا، مگر مالی دباؤ حد سے بڑھ گیا تھا۔ ریچل کو 2022 میں مس پڈوچیری کا تاج ملا تھا۔ اس سے قبل وہ مس ڈارک کوئین تمل ناڈو 2019 اورکوئین آف مدراس 2022 جیسے اعزازات بھی حاصل کر چکی تھیں۔ انسٹاگرام پر ان کے 1.8 لاکھ فالوورز تھے۔